ارجنٹینا میں فٹبال کلب کے شائقین کے فلسطین کے حق میں نعرے، اسرائیل کا علامتی جنازہ نکال دیا

میچ کے دوران ڈرون کے ذریعے فلسطین کا پرچم بھی لہرایا گیا اور اسی دوران آل بوائز کے شائقین اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے

فوٹو: اسکرین شارٹس

BUENOS AIRES:

ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں نیشنل بی فرسٹ ڈویژن کے میچ سے قبل آل بوائز کے شائقین نے دوسرے کلب اٹلانٹا کے خلاف میچ سے قبل فری فلسطین کے نعرے لگائے، فلسطین اور ایران کے جھنڈے تھامے نظر آئے اور اسی دوران اسرائیل کا علامتی جنازہ بھی نکالا گیا۔

غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا فٹ بال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) نے آل بوائز کے شائقین کے اس اقدام کی مذمت بھی کی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس کی تحقیقات بھی کردی۔

ارجنٹینا کے کلب کے شائقین کے منفرد احتجاج کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہوئیں، جس میں متعدد لوگوں کو فٹ بال کلب اٹلانٹا اور اسرائیلی پرچم میں لپٹا تابوت اٹھائے ہوئے دیکھایا گیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ فٹ بال کلب اٹلانٹا ارجنٹینا میں ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں یہودی آبادی کی اکثریت ہے اور اسی لیے آل بوائز کے شائقین نے بظاہر انہیں اسرائیل کے حامی قرار دیا اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔

میچ کے دوران ڈرون کے ذریعے فلسطین کا پرچم بھی میدان کے اوپر لہرایا گیا اور اسی دوران آل بوائز کے شائقین اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی، اسی طرح پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے، جن میں درج تھا اسرائیل خاک ہو اور ایک بینر بھی آویزاں کیا گیا تھا اور اس میں نسل کشی کی ذمہ دار ریاست اسرائیل مردہ باد لکھا گیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔

بعد ازاں ارجنٹیا کی سیکیورٹی کی وزارت نے بیان میں کہا کہ توڑ پھوڑ اور نفرت انگیزی کے الزام میں شکایت درج کرادی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا میں یہودی کمیونٹی ایک اندازے کے مطابق 3 لاکھ افراد پر مشتمل ہے جو لاطینی امریکا میں واقع کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

Load Next Story