محرم الحرام کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان ہیڈکوارٹرز میں سکیورٹی کانفرنس کا انعقاد

محرم الحرام میں پرامن حالات کو قائم کرنے میں تمام شرکا کا کلیدی کردار ہے، میجر جنرل عابد مظہر

ایف سی بلوچستان (نارتھ) ہیڈکوارٹرز کوئٹہ میں محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات، شیعہ و سنی علما کرام، تاجر برادری اور دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر محرم الحرام میں تمام حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی گئی جب کہ شرکا نے محرم الحرام میں  جلوسوں اور اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

آئی جی ایف سی (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں بھرپور حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔ محرم الحرام میں پرامن حالات کو قائم کرنے میں تمام شرکا کا کلیدی کردار ہے۔

عالم دین قاری عبیداللہ نے بتایا کہ ایف سی ہیڈکوارٹرز میں محرم الحرام کے حوالے سے امن و امان قائم رکھنے کے لیے ایک ملاقات ہوئی۔  ہمارے دشمن بہت سے ہیں اور ان کے مذموم عزائم کو ناکام کرنے میں ایف سی کا اہم کردار ہے۔

ہزارہ برادری کے حاجی محمد اعجاز کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات میں محرم الحرام کے دوران حفاظتی انتظامات کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے پر بات چیت ہوئی۔

Load Next Story