غلطی سے فائر الارم بجنے پر مسافروں نے جہاز سے چھلانگ لگادی، ویڈیو وائرل

غیر متوقع صورتحال میں گھبراہٹ کا شکار ہو کر کئی مسافروں نے جہاز سے چھلانگ لگا دی

اسپین کے مایورکا ائیرپورٹ پر ایک غیر معمولی واقعے نے مسافروں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جب ایک نجی ائیرلائن کی پرواز میں غلطی سے فائر الارم بج اٹھا۔

اس غیر متوقع صورتحال میں گھبراہٹ کا شکار ہو کر کئی مسافروں نے جہاز سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب مانچسٹر جانے والی پرواز کے دوران فائر الارم بج اٹھا۔ مسافروں نے گھبراہٹ میں جہاز سے چھلانگ لگانا شروع کردی، حالانکہ حقیقت میں کوئی آگ نہیں لگی تھی۔ اس دوران پیدا ہونے والی افراتفری میں متعدد مسافر معمولی چوٹوں کا شکار ہوئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ائیرلائن نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ محض ایک تکنیکی خرابی تھی جس نے الارم سسٹم کو متحرک کردیا تھا۔

ایئرپورٹ کے حکام نے صورتحال پر قابو پا لیا اور تمام مسافروں کو دوبارہ جہاز میں سوار کرایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔

ائیرلائن کی جانب سے معذرت کے ساتھ ساتھ یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ ایسے واقعات کے دوبارہ رونما ہونے سے بچنے کے لیے تمام حفاظتی نظاموں کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔

Load Next Story