صدر ٹرمپ نے ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دے دیا

سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے

TEXAS, US:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر آفت زدہ قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹیکساس میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ چکی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ٹیکساس کو آفت زدہ قرار دینے کے اعلان پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقے میں فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

ٹیکساس میں ہونے والے اس سیلاب نے کئی علاقے شدید متاثر کیے ہیں، خاص طور پر کیر کاؤنٹی جہاں دریا کے کنارے موجود کیمپ مِسٹک اور دیگر مقامات پر بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔

حکام کے مطابق درجنوں افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں افراد سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ٹرمپ نے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ اور وفاقی امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ متاثرہ افراد کو جلد سے جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Load Next Story