پیپلز پارٹی، ن لیگ یا پی ٹی آئی سب اسٹیبلشمنٹ کے مہرے ہیں، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ یا پی ٹی آئی سب اسٹیبلشمنٹ کے مہرے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت نے انتخابی نظام کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔
لاہور میں تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے غیر منصفانہ فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے یہ سیٹیں پی ٹی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا، یہاں سیٹیں چھینی اور من پسند لوگوں میں بانٹی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقتدر ٹولہ کسی آئین و قانون کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملک کو بند گلی میں دھکیلنے پر تلا بیٹھا ہے، اربوں روپے کے اشتہارات دیکر خوشحالی کے جھوٹے دعوے کرنا حکمرانوں کا پسندیدہ مشغلہ بن چکا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری جماعت ملک سے گالی، گولی، تعصب اور نفرت کی سیاست کو ختم کرے گی۔ جماعت اسلامی ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی چاہتی ہے۔ قوم کو فروعی اختلافات سے نکال کر اتحاد و یکجہتی کے لیے کوشاں اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔