کراچی: گودام اور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے کچن میں آتشزدگی، بھاری مالیت کا سامان جل کر خاکستر
شیرشاہ کباڑ مارکیٹ کے گودام اور دھوراجی میں فاسٹ فوڈ کے کچن میں آتش زدگی کے باعث بھاری مالیت کا سامان جل کر تباہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں گودام میں آگ لگنے کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 6 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے کے ایم سی کے دو واٹر ٹینڈر بھی موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے موصول ہوئی تھی۔
آگ بجھانے کے دوران فائربریگیڈ کو پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا جس پر واٹرکارپوریشن کے دفتر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کسی نے فون نہیں اٹھایا ، جس کے بعد کے ایم سی کے 2 واٹر ٹینکر روانہ کیے گئے۔
اگ جس گودام میں لگی تھی اس کا رقبہ کئی ایکڑ پر مشتمل تھا، گودام میں پلاسٹک، لوہا اور دیگر سامان تھا، اگ جس گودام میں لگی تھی وہاں تک پہنچنے کا راستہ انتہائی دشوار گزار تھا، تقریباً ساڑھے 5 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پونے سات بجے آگ پر قابو پالیا گیا تھا تاہم سامان اتنا زیادہ تھا کہ شاول کے ذریعے سامان اوپر نیچے کیا جا رہا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کولنگ کا عمل شروع کر دیا گیا تاہم کولنگ کے عمل میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں اور کباڑ کا سامان اوپر نیچے کرنے کے دوران شعلہ بھی بھڑک اٹھتا ہے۔
آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں بھی معلون نہیں ہوا ، مالی نقصان کا تخمیہ نہیں لگایا گیا تاہم کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
دوسری جانب بہادر آباد کے علاقے دھورا جی میں بھی پیر اور منگل کی درمیان شب فاسٹ فوڈ کے کچن میں آگ بھڑک اتھی ، آتش زدگی کی اطلاع پر فائربریگیڈ کی 3 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق آگ فاسٹ فوڈ کے کچن میں لگی تھی ، ابتدائی معلومات کے مطابق آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے کے باعث لگی تھی ، آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم بھاری مالیت کی فاسٹ فوڈ بنانے کی مشینری اور دیگر سامان جل کر تباہ ہوگیا۔