راولپنڈی: منشیات کے پانچ مقدمات میں ملوث مجرمان کو مجموعی طور پر 50 سال قید کی سزائیں

ان مقدمات میں سب سے سخت سزا بلال خان کو سنائی گئی، جسے چودہ سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی

فوٹو فائل

راولپنڈی:

انسداد منشیات کی عدالت نے منشیات کے پانچ مختلف مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے پانچ مجرمان کو مجموعی طور پر پچاس سال قید اور دس لاکھ ساٹھ ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنادیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ان مقدمات میں سب سے سخت سزا بلال خان کو سنائی گئی، جسے چودہ سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔ بلال خان کے قبضے سے پانچ کلو چھ سو گرام چرس برآمد ہوئی تھی، جس پر اسے فروری 2025 میں تھانہ پیرودہائی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

اسی مقدمے میں دیگر چار افراد کو نو نو سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ مجرم سمید کو ایک کلو چار سو اننچاس گرام چرس رکھنے کے جرم میں نو سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، اسے اکتوبر 2023 میں رتہ امرال پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ جاوید اختر کو ایک کلو ایک سو گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، جس پر عدالت نے اسے نو سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ یہ گرفتاری جون 2023 میں گنجمنڈی پولیس کی کارروائی کے دوران عمل میں آئی تھی۔

مزید برآں، مجرم نعمان رشید کو ایک کلو چھ سو گرام چرس رکھنے پر نو سال قید اور اسی ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اسے دسمبر 2024 میں تھانہ کینٹ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ مجرم قربان کو بھی نو سال قید اور اسی ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔

عدالت نے فیصلے سناتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسے سنگین جرائم کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کی گئی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں اور ان مقدمات میں دی گئی سزائیں دوسروں کے لیے ایک مثال بنیں گی۔

Load Next Story