چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کا فوری حل حکومت کی ترجیح ہے، احسن اقبال
فوٹو: فائل
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کو علاقائی تعاون کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ علاقائی چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کا فوری حل حکومت کی ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبوں کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی پیک منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کا فوری حل حکومت کی ترجیح ہے، حکومت سی پیک فیز ٹو کے تحت نئے شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک علاقائی تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، گوادر بندرگاہ علاقائی تجارت کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مقامی ماہی گیروں کے مفادات اور روزگار کوتحفظ دیاجائے گا، گوادر میں پانی اور بجلی کے منصوبوں کی رفتار بڑھائی جائے۔
کابینہ کمیٹی میں ہدایت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے بننے والے منصوبوں میں زیر التوا معاملات فوری نمٹائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کے منشور کا اہم جزو ہے۔