پہلا ٹی 20: بنگلا دیش نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز پر ڈھیر ہوئی جبکہ بنگلہ دیش نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا

فوٹو: کرک انفو

بنگلا دیش نے ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم کو 110 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی ہدف حاصل کرکے میچ 7 وکٹوں سےجیت لیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

بنگلا دیش کے شہر میر پور میں شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میں میزبان ٹیم کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تودوسرے اوور میں 18 کے اسکور پر صائم ایوب 6 رنز بنا کر تسکین احمد کی وکٹ بنے، جس کے بعد بیٹرز کی لائن لگ گئی اور ایک موقع پر صرف 46 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

محمد حارث 4، کپتان سلمان علی آغا 3، حسن نواز صفر اور حسن نواز 3 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

فخر زمان اور خوشدل شاہ نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کا اسکور 70 رنز تک پہنچایا مگر فخر 44 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے۔

خوشدل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عباس آفریدی 22، فہیم اشرف 5 اور سلمان مرزا کھاتہ کھولے بغیر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور کی تیسری گیند پر 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

تسکین احمد نے بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور مستفیض الرحمان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیش نے آسان ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز ناقص انداز میں کیا اور پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سلمان مرزا نے اپنے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کی۔

پرویز حسین نے تنزید کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ داری سنبھالی حالانکہ کپتان لٹن داس نے بھی سلمان مرزا کی دوسری وکٹ بن گئے تھے اور صرف ایک رن کا اضافہ کرپائے۔

توحید ہریدوئے نے پرویز کا اچھا ساتھ نبھایا اور 36 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 80 رنز تک پہنچایا لیکن عباس آفریدی نے ان کی وکٹیں اڑا دیں۔

پرویز حسین ایمون نے 39 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری بنائی اور آؤٹ ہوئے بغیر 56 رنز کی اننگز کھیلی، دوسرے اینڈ سے ذاکر علی نے 10 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلائی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے 111 رنز کا ہدف 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر 112 رنز بنا کر حاصل کرلی اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

سلمان مرزا نے دو وکٹیں حاصل کرکے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا، عباس آفریدی کو ایک وکٹ ملی۔

بنگلہ دیش کے پرویز حسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی؛

پاکستان الیون: فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، سلمان آغا، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا، ابرار احمد

بنگلا دیش الیون: پرویز حسین ایمان، تنزید حسن، لٹن داس، توحید ہریدوئے، شميم حسین، جاکر علی، ماحدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان

Load Next Story