ٹیم نے جس طرح مقابلہ کیا وہ لڑنے کی صلاحیت اور خود پر یقین کی علامت ہے، سلمان علی آغا


پاکستان کے ٹی 20 کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم 15 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد جس طرح ٹیم نے مقابلہ کیا وہ لڑنے کی صلاحیت اور خود پر یقین کی علامت ہے، میں یہی جذبہ دیکھنا چاہتا ہوں، حالات جیسے بھی ہوں ہار نہ مانی جائے۔
دوسرے میچ میں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 134 کا ہدف قابل حصول تھا مگر بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا، خاص طور پر ابتدائی 6 اوورز میں بیٹرز نے ناقص کھیل پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ احمد دانیال اور سلمان مرزا دونوں نے شاندار بولنگ کی، احمد نے بیٹنگ میں بھی جرات مندی دکھائی اور تقریباً میچ میں ٹیم کو فتح دلا دی تھی، اسی طرح فہیم اشرف نے جس دلیری سے بیٹنگ کی وہ واقعی لائق تحسین ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کے کپتان لٹن داس نے کہا کہ پاور پلے میں ہماری بیٹنگ اچھی نہیں رہی اور ابتدا میں وکٹیں گر گئیں لیکن مہدی اور جاکر علی کی بیٹنگ نے میچ کا نقشہ بدل دیا، ہمیں یقین تھا کہ اگر 130 سے زیادہ رنز بن گئے تو دفاع کر سکتے ہیں۔
کپتان نے کہا کہ ابتدائی 10 سے 12 اوورز میں ہمارے بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، نئی گیند کے ساتھ کھیلنا مشکل ہو رہا تھا لیکن جب وہ تھوڑی گیلی ہوئی تو بیٹنگ نسبتا آسان ہو گئی، 12 اوورز کے بعد ٹیم اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے میں ناکام رہی اور فیلڈنگ میں کچھ غلطیاں ہوئیں جس کے باعث میچ آخری لمحات تک چلا گیا۔
لٹن داس نے کہا کہ گذشتہ روز جہاز کریش کا افسوسناک واقعہ پورے بنگلہ دیش کے لیے دل توڑ دینے والا لمحہ تھا، ہماری طرف سے یہ سیریز ان متاثرین اور اہل خانہ کے نام ہے، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
