انضمام الحق اور سرفراز نے ٹیپ بال کرکٹ کی مقبولیت کو خوش آئند قرار دے دیا
شان مسعود، اسد شفیق اور عماد وسیم کو ٹیسٹ یا ون ڈے کپتان مقرر کیا جاسکتا ہے
پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق اور سرفراز احمد نے ٹیپ بال کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو خوش آئند قرار دے دیا۔
نیا ناظم آباد گراؤنڈ پر منعقدہ ٹیپ بال ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور سابق چیف سلیکٹر الحق نے کہا کہ ان کے دور میں ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی 50 لاکھ روپے انعامی رقم نہیں ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ شائقین بھی بہت بڑی تعداد میں ٹیپ بال کے مقابلے دیکھنے کے لیے اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہیں، ٹیپ بال کے نامور کھلاڑیوں کی عوامی مقبولیت بھی قابل فخر ہے۔
سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ابتدائی دور میں سڑکوں پر بہت ٹیپ بال کرکٹ کھیلی اور آج اس مقام پر پہنچے۔
سرفراز احمد نے مداحوں کے جوش و خروش کی تعریف کرتے ہوئے ملک بھر میں کثیر انعامی رقم کے ٹیپ بال مقابلوں کے انعقاد پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
قبل ازیں ٹیپ بال پریمیئر لیگ سیزن ٹو کے فائنل میں ایس ایچ پیکجز ٹیم نے سی ای اسپورٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی، ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ آٹھ اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچپن رنز بنائے، محمد اسامہ نے چوبیس گیندوں پر ستر رنز کی اننگ کھیلی۔
جواب میں فاتح ٹیم نے سات اعشاریہ پانچ اوور میں پانچ وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا، کپتان اسد شاہ نے تیرہ گیندوں پر باون رنز بنائے، فہد میاں چنوں انتالیس اور تیمور مرزا 33 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
مہمان خصوصی نیا ناظم آباد جمخانہ کے صدر سید محمد طلحہ نےانعامات تقسیم کیے، فاتح ٹیم کو پچاس لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی جبکہ رنراپ ٹیم بیس لاکھ روپے کی حقدار بنی، سابق کپتان انضمام الحق اور سرفراز احمد نے بھی فائنل دیکھا۔