پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر سے متعلق بڑی خبر
(فوٹو: فائل)
پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے انگلش کاؤنٹی وُسٹشائر کے ساتھ ٹی 20 لیگ کا تین سال کا معاہدہ کر لیا۔
کرک انفو کے مطابق 2026 سے شروع ہونے والے اس معاہدے کے پہلے سال اسامہ بطور اوور سیز کھلاڑی کھیلیں گے اور 2027 کے بعد سے ان کا شمار بطور لوکل کھلاڑی کیا جائے گا۔
29 سالہ اسامہ میر کی اہلیہ چونکہ برطانوی شہری ہیں اس لیے وہ برطانیہ میں نیوٹرلائزیشن کے لیے اہل ہیں۔ تاہم، انہوں نے پاکستان کرکٹ سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔
واضح رہے اسامہ ان کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہوں نے 2023 میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ طویل مذاکرات کے بعد تین سال کے معاہدے پر دستخط کیے تھے لیکن ان کو گزشتہ برس سینٹرل کانٹریکٹ سے نکال دیا گیا تھا۔
اسامہ میر نے آخری بار اپریل 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔