ملک بھر میں سندھ حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کی طرز پر اقدامات کی ضرورت ہے، آصفہ بھٹو
فوٹو اسکرین گریپ
نوابشاہ: خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے سندھ حکومت کی طرز پر عوامی فلاحی منصوبوں کی ضرورت ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے نواب شاہ کی یونین کونسل عبداللہ لونڈ کے گاؤں خادم حسین شر کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو بھی اُن کے ہمراہ تھیں۔
آصفہ بھٹو نے سیلاب متاثرین کیلیے سندھ پیپلز ہاؤسنگ کے تحت بننے والے گھروں کا دورہ کیا اور ان کا جائزہ بھی لیا۔
رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے گھروں کی مالکانہ اسناد کو متاثرہ خاندانوں کی خواتین ارکان میں تقسیم کیا اور کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا خواب دیکھا اور اسے تعبیر بھی دیدی۔
آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان بھر میں سندھ حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کی طرز پر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ عام آدمی کا حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔