حمل کے دوران پروڈیوسر نے تنگ لباس پہننے پر مجبور کیا، رادھیکا آپٹے
معروف بھارتی اداکارہ رادھیکا آپٹے نے انکشاف کیا ہے کہ دورانِ حمل پروڈیوسر نے انہیں تنگ لباس پہننے پر مجبور کیا تھا۔
رادھیکا آپٹے نے حال ہی میں اپنے حمل کے دوران بالی ووڈ میں پیش آئے تلخ تجربات پر بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پروڈیوسر انہیں شوٹنگ کے دوران طبعیت بگڑنے پر ڈاکٹر سے ملنے کی اجازت بھی نہیں دیتا تھا۔
اداکارہ نیہا دھوپیا کے "فریڈم ٹو فیڈ" لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے رادھیکا نے بتایا کہ ایک بھارتی پروڈیوسر نے ان کے حاملہ ہونے پر منفی ردعمل دیا اور انہیں تنگ لباس پہننے پر اصرار کیا، حالانکہ وہ جسمانی تبدیلیوں اور تکلیف سے گزر رہی تھیں۔
رادھیکا نے کہا کہ انہیں کھانے کی شدید خواہش رہتی تھی اور وہ مسلسل طبیعت کی خرابی محسوس کر رہی تھیں، لیکن پروڈکشن ٹیم کی جانب سے نہ صرف بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا بلکہ انہیں مختلف طریقوں سے پریشان بھی کیا۔