چند لوگ 14 اگست کو ذاتی یا سیاسی ایجنڈوں سے جوڑ کر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، امیرمقام
فوٹو: ایکسپریس
وفاقی وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان امیر مقام نے اپوزیشن رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند لوگ 14 اگست کو منانے کے بجائے اسے ذاتی یا سیاسی ایجنڈوں سے جوڑ کر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران امیر مقام نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر مردان کے علاقے شامیلات میں سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما جمشید مہمند کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قیام کی جدوجہد، قربانیوں اور موجودہ حالات میں قوم کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانا ہماری قومی ذمہ داری ہے تاکہ ہم نہ صرف اپنے ہیروز کو یاد رکھیں بلکہ ماضی کی غلطیوں سے سبق لے کر مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
امیر مقام نے رواں برس کی تقریبات کو ایک خاص جذبے سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کا جشن اس مرتبہ اس لیے زیادہ پرجوش ہے کیونکہ حال ہی میں "معرکہ حق" کے دوران پاکستان نے اپنے دیرینہ دشمن بھارت کو چند گھنٹوں میں شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کارنامے کے بعد پاکستان کا عالمی امیج بلند ہوا ہے اور سبز پاسپورٹ کی قدر و منزلت میں اضافہ ہوا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ بھارت آبادی، معیشت اور دفاع میں بڑی طاقت ہونے کے باوجود پاکستانی قوم کے جذبے کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے اپنی بارڈر پر موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے جوانوں کا عزم و حوصلہ دیکھا اور یہ جذبہ کسی بھی قیمت پر خریدا نہیں جا سکتا۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک ہمیشہ پاکستانیت کا مظاہرہ کیا ہے، ریفرنڈم میں پاکستان کا ساتھ دیا، کشمیر کی جنگوں میں حصہ لیا اور قربانیاں پیش کیں۔
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چند لوگ 14 اگست کو منانے کے بجائے اسے ذاتی یا سیاسی ایجنڈوں سے جوڑ کر تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر بظاہر بھارت اور مودی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں کیونکہ وہ قوم کو یکجا کرنے کے بجائے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کسی ایک فرد یا پارٹی کی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی کامیابی ہے اور اس کا جشن سب کو مل کر منانا چاہیے۔