قومی ٹیم میں ہر کوئی اپنے لیے کھیل رہا ہے، ہر جگہ پنڈی کی پچ لیکر نہیں گھوم سکتے، شعیب اختر 

گیند ہلکی سی سیم ہو تو ہمارے بیٹرز کو مصیبت پڑجاتی ہے، سابق فاسٹ بولر

کراچی:

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی ٹیم کی شرمناک پرفارمنس پر غصے سے برس پڑے۔

پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 202 رنز کی شرمناک شکست پر سابق کرکٹرز سخت غصے میں ہیں۔

اس شکست کے ساتھ پاکستان نے 34 سال بعد کیریبیئن سائیڈ کیخلاف پہلی ون ڈے سیریز گنوا دی، 295 رنز کے تعاقب میں گرین شرٹس صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔

سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ہمیشہ ہی بہترین اور متاثر کن ٹیلنٹ رہا، ہم کبھی کسی ایک پر انحصار نہیں کرتے تھے، سب مل کر ٹیم کو جتواتے مگر اب یہ صورتحال نہیں رہی۔

شعیب اختر نے کہا کہ گزشتہ 10 سے 15 برس میں ماحول بدل گیا، ہر کسی نے صرف اپنے لیے کھیلنا شروع کردیا، ہرکوئی صرف اپنی ایوریجز کیلیے کھیل رہا ہے، مقصد صرف اپنے ملک کیلیے کھیلنا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو ماحول تبدیل کرنا ہوگا، جدید کرکٹ کھیلنی چاہیے، کیا اس بات کو سمجھنا مشکل ہے، ابھی تو یہ حال ہے کہ گیند ہلکی سی سیم ہو تو بیٹرز کو مصیبت پڑجاتی ہے، آپ ہر جگہ راولپنڈی کی پچ لے کر تو نہیں گھوم سکتے۔

Load Next Story