لاہور: 8 سالہ بچے کو زیادتی کی نیت سے اغوا کرکے شدید زخمی کرنے والے دو ملزم گرفتار
ہنجر وال انویسٹی گیشن پولیس 8 سالہ بچے کو زیادتی کی نیت سے اغوا کرکے اینٹوں کے وار سے زخمی کرنے والے دو ملزمان کو فوٹیج کی مدد سے گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہنجر وال انویسٹی گیشن و آپریشن پولیس نے جناح اسپتال سے ملنے والے زخمی بچے کا معمہ حل کردیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی زیرنگرانی ایس ایچ او ہنجروال عدیل انجم اور انچارج انویسٹی گیشن محسن رفیق نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے ملزم علی حسن اور ریحان کو قلیل وقت میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن رائٹس سورس کی مدد سے گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان 8 سالہ بچے کو بدفعلی کی نیت سے لے گئے تھے، انہوں نے پتھر کے واروں سے 8 سالہ علی مراد کو تشدد کر کے زخمی کیا۔
ایس پی ڈاکٹر محمد عمر کے مطابق زخمی 8 سالہ بچے کو جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے علاج کا عمل جاری ہے، ملزمان نے 8 سالہ علی مراد کو رانا ٹاؤن ہنجروال سے پکڑا اور مرغزار کی گراونڈ میں زخمی کر کے چھوڑ دیا، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔