سیلاب سے شدید متاثرہ بونیر میں قیامت صغری کے مناظر، جاں بحق افراد کی تعداد 184 ہوگئی
خیبرپختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 307 ہوگئی جب کہ ضلع بونیر میں قیامت صغری کے مناظر ہیں جہاں 184 افراد جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بونیر، سوات ،شانگلہ ، بٹگرام ، باجوڑ اور مانسہرہ شامل ہیں، پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ مزید دستے بھی متاثرہ علاقوں کو روانہ کردئیے گئے۔
بونیر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، پشونئی، پیر بابا گاؤں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 70 مکان ملیا میٹ ہوگئے، ملبے سے نکلنے والی 20 لاشیں پشونئی و دیگر علاقوں میں پہنچا دی گئیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر سعود خان نے وفاقی وزیر انجنئیر امیر مقام اور کمشنر ملاکنڈ کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، وفاقی وزیر امیر مقام اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے نقصانات کا جائزہ لیا اور امدادی کاموں میں تیزی کی ہدایت دی۔
ڈی پی او بونیر سعود خان نے سیکیورٹی اور پولیس تعاون پر بریفنگ دی اور ریلیف آپریشن میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق بونیر میں رات بھر ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں مصروف رہیں ، تین تحصیلوں میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے کے نیچے کچھ افراد موجود ہیں، ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی ریلیف کا کام شروع کیا جائے گا۔