کراچی میں ایک اور ٹرالر نے خاتون کو کچل دیا، ڈرائیور گرفتار
پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار جبکہ ٹرک کو قبضے میں لے لیا
شہر قائد کے علاقے بنارس باچا خان چوک پر ٹرالر کے پہیوں تلے کچل کر خاتون جاں بحق ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر آباد بنارس کے قریب ٹرک کے پہیوں تلے کچل کر خاتون جاں بحق ہوگئی ، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹرک اپنے قبضے میں لے لیا۔
متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 35 سالہ شہناز کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ایس ایچ او پیر آباد انیس الرحمٰن نے بتایا کہ متوفیہ موٹر سائیکل پر کسی قریبی رشتے دار کے ساتھ سوار تھی جبکہ حادثہ بنارس باچا خان چوک پر پیش آیا جس میں خاتون موٹر سائیکل کا توازن بگڑنے پر پشت کے بل سڑک پر گر گئی اور قریب سے گزرنے والے ٹرک جس پر کنٹینر بھی لدا ہوا تھا اس کے پچھلے پہیوں تلے کچل کر جاں بحق ہوگئی۔
تاہم پولیس نے ڈرائیور علی حمزہ کو گرفتار کر کے 10 ویلر ٹرک نمبر پی 3732 کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے، متوفیہ 5 بچوں کی ماں اور منگھوپیر کواری کالونی کی رہائشی ہے جبکہ متوفیہ کا شوہر ملازمت کی وجہ سے سعودی عرب میں مقیم ہے۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش ورثا کے حوالے کر دیا جبکہ گرفتار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔