ریلیف آپریشن؛ سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کا پاک فوج کو خراج تحسین
خیبر پختونخوا میں آرمی فلڈ ریلیف آپریشن پر سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سیلاب سے متاثرہ باجوڑ، سوات اور مالاکنڈ ڈویژن میں پاک فوج کی خدمات پر عوام نے فوج سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاک فوج کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں ہماری مدد کی جب کوئی اور نہیں پہنچ سکا۔
مقامی افراد نے بتایا کہ ہمارے جوانوں نے دن رات کی پروا کیے بغیر یہاں آ کر لوگوں کو بحاظت ریسکیو کیا۔ ہماری بروقت مدد پرہم دل سے پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ پاک فوج دن رات عوام کی خدمت کے لیے موجود رہی۔
سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہی فوج ہے، جسے بعض لوگ تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، لیکن یہی فوج ہماری مدد کے لیے مشینری سمیت پہنچی اور ہمارے ساتھ کھڑی رہی۔ ہم پاک فوج کے جذبے اور خدمت کو دل سے سراہتے ہیں۔
باجوڑ اور دیر کو ملانے والے جار پل کی بحالی پر کام کے آغاز پر مقامی لوگوں کا خوشی کا اظہار
پاک فوج کی جانب سے باجوڑ اور دیر کو ملانے والے جار پل کی بحالی پر کام کے آغاز پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ مقامی افراد نے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے بر وقت پل کی بحالی کا کام شروع کیاگیا جو کہ بہت خوشی کی بات ہے۔ پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی تھیں جس سے باجوڑ کے زیادہ تر علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد پہنچائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے فوری طور پر بحالی کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ جلد پل کی بحالی کا کام مکمل ہو جائے گا اور باجوڑ کے لوگوں کی یہ مشکل جلد حل ہو جائے گی۔