موسلادھار بارشوں سے راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، اسپل ویز کھول دیے گئے
فوٹو فائل
مون سون سسٹم کے زیر اثر موسلادھار بارشوں کے سبب راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دیے گئے۔
راول ڈیم میں اسپل ویز کھلنے کے بعد پانی کے اخراج کا عمل جاری ہے، پانی کی سطح 1 ہزار 751 فٹ تک پہنچنے پر اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نیلور کی جانب سے اسپل ویز کھولنے کے عمل کی نگرانی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسکیو، پولیس اور ایمبولینس کا عملہ مختلف مقامات پر تعینات ہے، تمام اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی شہریوں سے ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کی اپیل ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق راول ڈیم کے اسپل ویز کھلنے پر کورنگ نالہ میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے لہٰذا ملحقہ رہائشی آبادیوں کے مکین محتاط رہیں۔
عوام سے التماس ہے کہ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں نالہ اور نالے پر بنے عارضی پل کراس کرنے سے گریز کریں۔