کراچی میں خونی ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 شہری جاں بحق
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلدیہ ٹاؤن 2 نمبر حب ریور روڈ پر تیز رفتار کوچ نے خاتون کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لیجائی گئی جہاں اس کی شناخت 45 سالہ مسرت بی بی کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سائٹ بی سجاد خان نے بتایا کہ متوفیہ خاتون الیاس کوچ میں سوار تھی اور اسٹاپ پر اترتے ہوئے سڑک پر گر گئی اس دوران ڈرائیور نے گاڑی چلا دی جو پہیوں تلے کچل کر جاں بحق ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے کوچ کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متوفیہ بلدیہ ٹاؤن کی رہائشی تھی جس کی لاش پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی جبکہ حادثے کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
دریں اثنا ملیر مرغی خانہ پل پر ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی ۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 18 سالہ دانیال کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔