کراچی میں بارش کے بعد کی صورت حال پر وزیراعظم کا مراد علی شاہ سے رابطہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ہونے والی بارشوں پر سندھ حکومت کو ہر قسم کی معاونت کی پیش کش کردی،
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے جنوبی سندھ بالخصوص کراچی میں حالیہ شدید بارشوں و شہری سیلابی صورتحال پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ کو اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیش کش کی۔
وزیرِ اعظم نے چئیرمین این ڈی ایم اے کو سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں رہنے اور ہنگامی صورتحال کیلئے انکی ضروریات کے حوالے سے مکمل تعاون کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ایک دو روز میں سندھ کے جنوبی اضلاع میں متوقع بارش کے حوالے سے مکمل تیار رہنے اور لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا کہ وفاقی حکومت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت سندھ کی ہر قسم کی معاونت کرے گی۔