شدید بارشوں سے تباہی: آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ نے اب تک 36 ہزار سے زائد رضاکاروں کو تربیت دی ہے جن میں نصف خواتین شامل ہیں

پاکستان کے شمالی علاقوں، خصوصاً گلگت بلتستان، چترال اور دیگر پہاڑی علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور طغیانی سے پیدا ہونے والی تباہی کے بعد آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) نے اپنی ایجنسیوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH)، جو قدرتی آفات کے وقت” اے کے ڈی این“کی مرکزی ریسپانس ایجنسی ہے، گزشتہ دو دہائیوں سے کمیونٹی کی سطح پر آفات سے نمٹنے اور ہنگامی صورتحا ل میں کام کررہی ہے۔

آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH)نے اب تک 36 ہزار سے زائد رضاکاروں کو تربیت دی ہے جن میں نصف خواتین شامل ہیں۔

یہ رضاکار 170 سے زائد کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں (CERTs) میں منظم ہیں۔سیلاب کے آغاز پر ہی AKAH نے چترال، گلگت، کراچی اور اسلام آباد میں ایمرجنسی آپریشن سینٹرز متحرک کیے، جو مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

موسم کی پیشگی اطلاعات فراہم کر رہے ہیں، اور رہائشیوں کو باخبر رکھ رہے ہیں۔ ان CERTs نے اب تک 3 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے اور خوراک، خیمے، اور پناہ گاہیں فراہم کی ہیں۔

800 افراد پر مشتمل 100 خاندانوں کو ایک ماہ کی خوراک اور غیر خوراکی اشیاء فراہم کی گئی ہیں۔گلگت بلتستان اور چترال میں موجود 19 ذخیرہ گاہوں سے فوری امدادی سامان فراہم کیا گیا ہے، جبکہ 9 ڈیزاسٹر اسسمنٹ ریسپانس ٹیمیں شمالی پاکستان میں تعینات کی گئی ہیں تاکہ نقصانات کا فوری اندازہ لگایا جا سکے۔

AKAH گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور خیبرپختونخوا کے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کر رہا ہے۔

Load Next Story