کراچی کے مختلف علاقوں میں گہرے بادل چھا گئے، چند مقامات پر بارش
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ایک مرتبہ پھر گہر بادل چھا گئے جس کے سبب ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
گلشن معمار، احسن آباد اور اورنگی ٹاؤن میں گہرے بادل چھاگئے جس کے سبب ہوائیں چلنے سے موسم بھی خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں دوبارہ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی تھی۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق آج شہر بھر میں کل کے مقابلے میں زیادہ تیز بارش ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے امکانات رہیں گے۔
ترجمان کے مطابق 27 اگست کو ایک اور مون سون سلسلہ کراچی سمیت دیہی سندھ پر اثر انداز ہوگا۔
امیرحیدر لغاری کا کہنا تھا کہ آج رات گئے سے مون سون سسٹم کمزور ہونا شروع ہوگا، امکان ہے کہ جمعہ کی صبح بارش کا سسٹم بتدریج کمزور ہونے کے بعد ختم ہو جائے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو شہر کا مطلع مکمل ابرآلود جبکہ اتوار اور پیر کو جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے، مون سون سسٹم کے اثرات کے سبب اگلے چند روز تک موسم معتدل رہنے کی توقع ہے۔
درجہ حرارت کی بات کریں تو آج کم از کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے لیکن حبس اور نمی کی شدت عوام کو شدید بے چینی میں مبتلا کر رہی ہے۔