کراچی میں بارشوں کے بعد 48 گھنٹوں سے بجلی غائب، شہریوں کا صبر جواب دینے لگا
شہر قائد میں موسلادھار بارش تھمنے کے باوجود 48 گھنٹوں سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے سبب شہریوں کا صبر بھی جواب دینے لگا ہے، ملیر سمیت کئی علاقوں میں شہریوں نے کے الیکٹرک دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا۔
ملیر میں بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک دفتر کے باہر احتجاج کیا جس کے باعث مظاہرین نے دونوں ٹریک بند کر دیے، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
واضح رہے کہ شہر میں پیر کی رات بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا تاہم منگل کی صبح سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس پر کے الیکٹرک نے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی، جو اب تک بحال نہیں کی گئی۔
دوسری جانب، مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کے باعث شہری رل گئے۔
ملیر ہالٹ سے ماڈل قبرستان جناح ایونیو روڈ آنے اور جانے والے دونوں روڈ ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ٹریفک کو ماڈل قبرستان کٹ سے ائیرپورٹ کی طرف بھیجا جارہا ہے۔
ملیر ہالٹ سے آنے والی ٹریفک کو سیدھا شارع فیصل کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔