دہشت گردی کے متاثرین کاعالمی دن، خراج تحسین پیش کرنےکیلئےعالمی برادری کی صف میں شامل ہیں، دفتر خارجہ
فوٹو: فائل
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے متاثرین کے عالمی دن کو عقیدت و احترام سے منانے اور خراج تحسین پیش کرنےکے لیے عالمی برادری کی صف میں شامل ہے اور یہ دن ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم دہشت گردی کے تمام متاثرین کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کریں، ان کی عظمت کو خراج تحسین پیش کریں اور اس لعنت کی تمام اشکال اور اقسام کے خاتمے کے عزم کی تجدید کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے 21 اگست کو دہشت گردی کے متاثرین کے عالمی دن کے موقع پر بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا براہ راست شکار رہا ہے جس میں حال ہی میں جعفر ایکسپریس پر مبینہ دہشت گردی کے حملے میں معصوم شہری جاں بحق ہوگئے اور خضدار میں اسکول بس کو بم دھماکے سے اڑانے والا واقعہ بھی شامل ہے، جس کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے، پاکستان میں دہشت گردی سرحدوں کے پار سے منظم سازش اور منصوبہ سازی کے ساتھ کی جاتی ہے، پاکستان دہشت گردی کی نئی اشکال کا بھی سامنا کر رہا ہے، جن میں جعلی خبریں اور غلط معلوماتی مہمات، بھارتی سرپرستی میں غیر علاقائی قتل کی مہمات، اور آبی دہشت گردی (ہائیڈرو ٹیررازم) شامل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بے مثال استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنے وطن بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، اس جدوجہد میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں اور قوم کو 150 ارب ڈالر سے زائد کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شہیدوں اور ہیروز کے جذبہ شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیاں قوم کے لیے طاقت اور اتحاد کی روشن مثال ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اس دن ہم بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یک جہتی کے عزم کی بھی تجدید کرتے ہیں، جو بھارتی قابض افواج کی جانب سے روا رکھی جانے والی ریاستی دہشت گردی کی بدترین شکل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہائیوں سے معصوم کشمیریوں کو منظم انداز میں قتل، جبری گم شدگی، خودساختہ حراستوں اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے غیر انسانی جبر کے باوجود، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مزاحمت اقوام متحدہ کے منظور کردہ حق خودارادیت کے مطالبہ پر برقرار ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہم فلسطین کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جو اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے مسلسل جارحیت، منظم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ فلسطینی عوام کی نسل کشی کے مترادف ہیں، طویل المدتی غیر حل شدہ تنازعات، غیر ملکی قبضہ اور حق خودارادیت سے انکار انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حالات پیدا کرتے ہیں جنہیں مل کر حل کیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ آج جب ہم دہشت گردی کے متاثرین کو یاد کر رہے ہیں، ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر بین الاقوامی شراکت، مکالمہ اور تعاون کو مضبوط بنانے، بلا امتیاز دہشت گردی کے خاتمے، متاثرین اور ان کے خاندانوں کی حمایت اور پرامن اور محفوظ دنیا کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔