خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کا امکان، الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی

(فوٹو: فائل)

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے نے محکمہ موسمیات کی اطلاع اور متعلقہ اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

پی ڈی ایم کے مطابق ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلابی ریلوں جو خاص طور پر چترال، دیر بالا و دیر زیریں، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان بالا و زیریں، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں ہو سکتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں خصوصاً چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آندھی اور کڑک کے ساتھ بارش کے نتیجے میں کچے مکانات، بجلی کے کھمبے، سڑک کنارے ڈھانچے، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، خاص طور پر متاثرہ اضلاع میں دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام نہ کیا جائے۔ شمالی اضلاع (سوات، چترال، کوہستان وغیرہ) کا سفر کرنے سے قبل سڑکوں اور راستوں کی صورتحال معلوم کی جائے۔

پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ہدایات پر عمل کو یقینی بنایئں۔ہنگامی سامان (پانی، خشک راشن، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد وغیرہ) ہمراہ رکھا جائے۔

Load Next Story