کراچی، مختلف حادثات و فائرنگ کے واقعات، ایک شخص جاں بحق، تین زخمی
شہر قائد میں پیش آنے والے مختلف حادثات اور فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 5-B میں ایک شخص بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا، چھیپا کے مطابق متوفی کی شناخت 54 سالہ محمد ریاض کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعہ گھر کے اندر پانی کی موٹر چلانے کے دوران پیش آیا۔ متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ناظم آباد نمبر 3 کے علاقے میں ایک گھر کے اندر گولی لگنے سے 45 سالہ خاتون ثمینہ زخمی ہو گئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق گولی نامعلوم سمت سے آ کر لگی، جس کے نتیجے میں خاتون زخمی ہوئیں۔
انہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔
کورنگی بلال چورنگی کے قریب آئل ریفائنری کے پاس فائرنگ سے 35 سالہ یونس زخمی ہو گیا، ریسکیو ٹیم نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسپتال منتقل کیا۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4-A میں اولیاء مسجد کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 18 سالہ عارف نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔