امپائرز اور ریفریز کے ماہانہ معاوضے میں اضافہ

اس مرتبہ ایلیٹ پینل میں کسی بھی نئے امپائر کو ترقی نہیں دی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے امپائرز اور ریفریز کے ماہانہ معاوضے میں اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایلیٹ پینل میں شامل میچ آفیشلز کو اب ایک  لاکھ 20 ہزار کے ساتھ 10 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے۔

اسی طرح سپلیمنٹری ون پینل کے لیے ایک لاکھ روپے کے ساتھ 10 ہزار روپے اضافی اور سپلیمنٹری ٹو پینل کے لیے 90 ہزار روپے کے ساتھ 10 ہزار روپے اضافی معاوضہ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ اضافہ ایلیٹ اور سپلیمنٹری پینلز میں شامل 10، 10 ریفریز پر بھی لاگو ہوگا۔

پی سی بی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد امپائر ز اور ریفریز کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر کرکٹ مقابلوں میں معیاری آفیشیٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔

معاوضوں میں اضافے کے ساتھ ہی بورڈنے سالانہ جائزے کے بعد نئے امپائرز پینل کا اعلان بھی کیا ہے۔

اس مرتبہ ایلیٹ پینل میں کسی بھی نئے امپائر کو ترقی نہیں دی گئی جبکہ گزشتہ سال کے ایلیٹ پینل سے 12 امپائرز کو ڈیموٹ کرتے ہوئے سپلیمنٹری ون پینل میں شامل کر لیا گیا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل احسن رضا بدستور ایلیٹ امپائر تصور ہوں گے۔ ایلیٹ پینل آف امپائرز میں آصف یعقوب، ثاقب خان، طارق رشید، ناصر حسین، راشد ریاض، عبدالمقیط، محمد ساجد، عمران اللہ اسلم، عمران جاوید، غلام سرور، فیصل آفریدی، کاشف سہیل، امتیاز اقبال، خالد محمود سینئر، ذوالفقار جان اور فاروق علی خان شامل ہیں۔

دوسری جانب کئی امپائرز کو ڈیموٹ کر کے سپلیمنٹری ون پینل میں شامل کیا گیا۔ ان میں علی حیدر، ولید یعقوب، ماجد حسین، قیصر خان، اسلم بریچ، احمد شہاب، رانا محمد ارشد، قیصر وحید اور محمد آصف شامل ہیں۔

پی سی بی ذرائع نے واضح کیا کہ اس فہرست میں مزید تین امپائرز کو سپلیمنٹری ٹو سے ترقی دے کر شامل کیا جائے گا۔

گزشتہ سال سپلیمنٹری پینل میں شامل تمام امپائرز کو اب سپلیمنٹری ٹو میں رکھا گیا ہے۔

 امپائرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ انٹرنیشنل ریفری علی نقوی، ریفری بلال خلجی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیاز ی نے لیا اور رپورٹس کی روشنی میں نئے پینلز تشکیل دینے کی سفارش کی۔

Load Next Story