مظفرگڑھ: چناب میں سیلابی صورتحال، 25 ہزار افراد ریلیف کیمپوں میں منتقل

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ عوام کو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کا عمل جاری ہے

مظفرگڑھ میں بپھرا ہوا دریائے چناب سیلابی صورتحال اختیار کر گیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 25 ہزار افراد کو مختلف ریلیف کیمپوں میں منتقل کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ کے مطابق آج سیلاب سے متاثرہ تمام علاقوں کے مکینوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ عوام کو سرکاری گاڑیوں کے ذریعے محفوظ مقامات تک منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلاب متاثرین کی صحت کے پیش نظر فیلڈ اسپتال قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں مریضوں کو ادویات کے ساتھ ساتھ خون کے ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

سیلاب متاثرین کے مویشیوں کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ جانوروں کے لیے چارے اور خوراک کا انتظام بھی کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور اپنی حفاظت کے لیے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

 

Load Next Story