مریم نواز کا قصور میں فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ، سیلاب سے متاثرہ خواتین کے مسائل سنے

وزیراعلیٰ پنجاب نے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود بچوں سے بھی ملاقات کی، انہوں نے بچوں کو گود میں بٹھا کر پیار کیا،

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں میں مسلسل چوتھے روز بھی فیلڈ میں متحرک رہیں۔ وہ قصور ڈی پی ایس میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ پہنچیں جہاں انہوں نے سیلاب متاثرہ خواتین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ وزیراعلیٰ نے عارضی اسپتال میں مریضوں کی عیادت کی، ان کی مزاج پرسی کی اور دلاسہ دیا۔

ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی پر متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہ صرف سیلاب سے نکالا گیا بلکہ محفوظ کیمپوں میں پہنچایا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود بچوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بچوں کو گود میں بٹھا کر پیار کیا، خوش گوار ماحول میں بات چیت کی اور وائٹ بورڈ پر نام لکھنے والے بچوں کو انعامات بھی دیے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ ضلع قصور کے 29 دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں سے 18 ہزار 300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ضلع میں 36 ہزار 129 مویشی بھی کامیابی سے بچا لیے گئے ہیں۔

Load Next Story