غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں، برطانیہ
برطانیہ نے غزہ میں فوری اور بلا مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر پیش رفت نہ ہوئی تو لندن رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کو باضابطہ طور پر ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ میں ہر گزرتا دن مزید تباہی لا رہا ہے، جہاں خوراک کی کمی کے باعث 5 سال سے کم عمر ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت جان بوجھ کر امداد روک رہی ہے، جبکہ یہ قحط قدرتی نہیں بلکہ انسان کا پیدا کردہ ہے۔
ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ غزہ میں فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کی جائیں کیونکہ صورتحال کو بہتر بنانے کا واحد حل جنگ بندی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برطانیہ اسرائیل سے مزید حملے روکنے کا مطالبہ کرتا ہے اور عالمی برادری سے بھی اس پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کرتا ہے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل جینوسائیڈ اسکالرز ایسوسی ایشن نے اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کو "نسل کُشی" قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔