پشاور پولیس لائنز خودکش دھماکا کیس میں 7 گواہوں کے بیانات قلمبند
انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت پشاور میں پولیس لائنز خودکش دھماکا کیس کی سماعت اے ٹی سی جج ولی محمد نے کی، جس میں 7 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے۔
عدالت نے مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر مزید گواہان کو طلب کر لیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق یہ خودکش دھماکا 30 دسمبر 2023ء کو ملک سعد پولیس لائنز میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں 92 سے زائد افراد شہید جب کہ سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ مقدمے میں مرکزی ملزم امتیاز عرف تورہ شپہ اور پولیس اہلکار ولی محمد سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف ٹرائل شروع کیا گیا اور اب تک 7 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ مزید گواہوں کو طلب کر کے کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔