سینئر اداکار انور علی کو سپرد خاک کردیا گیا
فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے نامور اداکار انور علی کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ ماڈل ٹاؤن کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں شوبز کی نمایاں شخصیات اور مداح بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ انور علی کی نماز جنازہ ماڈل ٹاؤن لنک روڈ کی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس کی امامت سینئر اداکار جواد وسیم نے کی۔
نمازجنازہ میں خالد عباس ڈار، افتخار ٹھاکر، راشد محمود، طاہر انجم، اشرف خان، گوشی خان، پرویز رضا،جاوید رضوی، ذوالفقار علی زلفی، آغا قیصر عباس اور دیگر معروف فنکار شریک ہوئے۔
انور علی کی تدفین کے موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ ان کا فنی سفر کئی دہائیوں پر محیط رہا۔ ڈرامہ سیریل ابابیل، ہوم سویٹ ہوم اور اندھیرا اجالا جیسے شاہکار آج بھی ان کے فن کی پہچان ہیں مگر زندگی کے آخری برس بیماریوں کی نذر ہوئے۔
سینئر اداکار پھیپھڑوں، گردوں، فالج اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ انور علی پیر کے روز وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ شوبز کی دنیا میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔