علی امین گنڈاپور کی سات پشتیں بھی کالاباغ ڈیم کو زندہ نہیں کرسکتیں، ایمل ولی

عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹا شوشا چھوڑا گیا، کالاباغ کو قوم دفن کرچکی، کسی کے باپ کی مجال نہیں کہ مردے کو زندہ کرے


ویب ڈیسک September 02, 2025

پشاور:

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی سات پشتوں کی بھی بس کی بات نہیں کہ کالاباغ ڈیم کو زندہ کرے، کالاباغ ڈیم کی مخالفت جذبات پر نہیں واپڈا کے اپنے اعداد و شمار کی بنیاد پر کرتے ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کے بجائے پانی کے مستقل حل کی طرف بڑھنا ہوگا، اگر حکومت کے پاس منصوبہ نہیں تو اے این پی شفاف اور قابل عمل پلان دینے کو تیار ہے، ہمیں وسائل پر اختیار دیا جائے، پہلے جنوبی اضلاع سرسبز کریں گے کسی کی زمینیں نہیں ڈبوئیں گے اگر وسائل پر اختیار مانگنا غداری ہے تو یہ "غداری" سو بار قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم مشرف جیسے آمر سے بھی نہ بن سکا، عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے جھوٹا شوشا چھوڑا گیا ہے، کالاباغ کو قوم دفن کرچکی، اب کسی کے باپ کی مجال نہیں کہ مردے کو زندہ کرے، ڈیم سیلاب روکنے کا حل نہیں، ڈیم بنانا ہے تو بھاشا ڈیم بنا لیں، کالاباغ ڈیم پنجاب اشرافیہ کیلئے ایریگیشن اسکیم ہے، نہ سستی بجلی دے سکتا نہ سیلاب روکے گا۔

انہوں نے کہا 1998ء میں کالاباغ ڈیم پر لاگت 7 بلین، بھاشا پر صرف 1.5 بلین تھی، کالاباغ 3 ہزار میگاواٹ جبکہ بھاشا 5 ہزار میگاواٹ بجلی دے سکتا ہے، گنڈاپور کرپشن چھپانے کیلئے کالاباغ جیسے مدفون مردے اکھاڑتے ہیں، کالاباغ ڈیم ہماری لاشوں پر سے گزر کر ہی بن سکتا ہے،ہمیں معلوم ہے کالاباغ ڈیم کس کیلئے چاہیے، سبز چولستان کا سبق ہمیں آباؤ اجداد نے دیا ہے۔

مقبول خبریں