امریکا میں پاکستانی سفیر کی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل
امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جن کا ماحولیاتی آلودگی میں حصہ نہایت کم ہے، تاہم آبادی کے لحاظ سے پاکستان موسمی تغیرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کی فلاحی تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی آج پوری دنیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔قدرتی آفات اور ان سے ہونے والے نقصانات نے پاکستان کے ترقیاتی عمل اور پھیلائو کی رفتار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
سفیر پاکستان نے ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے لگ بھگ ڈیڑھ ارب 50 لاکھ ڈالرکے عطیات دینے کے اعلان کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلیف کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے عمل میں بھی پاکستانی کمیونٹی کے تعاون کی ضرورت رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی کمیونٹی اور مخیر حضرات نے فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اور حالیہ سیلابی آفات کے دوران بھی ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
رضوان سعید شیخ نے امریکی پاکستانیوں سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے مزید تعاون کی اپیل بھی کی ہے ۔
پاکستان اور بھارت کو درپیش مشترکہ ماحولیاتی چیلنجز پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخاصمت کے بجائے مکالمہ اور تعاون ہی مسائل کا حل ہے۔
اس موقع پر ہیلپنگ ہینڈ کے صدر محسن انصاری نے تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ اس وقت دنیا کے 80 ممالک میں کام کر رہی ہے اور پاکستان کے لیے اس کا سالانہ بجٹ بارہ ملین ڈالر سے بڑھا کر سترہ ملین ڈالر تک کیا جا رہا ہے۔