پنجاب میں سیلاب؛ ریلوے کا خانیوال سے فیصل آباد سیکشن معطل، ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا

سیلاب کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا شیڈول جاری

لاہور:

دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی (عبدالحکیم) کے مقام پر سیلابی ریلہ ریلوے پل سے ٹکرا گیا، پانی ٹریک کے اوپر سے گزرنے لگا۔

ریلوے حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خانیوال سے فیصل آباد سیکشن عارضی طور پر معطل کر دیا تاکہ کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔

سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی ٹرینوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

راولپنڈی سے کراچی جانے والی 46 ڈاؤن پاکستان ایکسپریس لالہ موسی سے 8 بجکر 54 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور-ساہیوال کراچی جائے گی۔

کراچی جانے والی 18 ڈاؤن ملت ایکسپریس بھی لالہ موسی سے 10 بجکر 33 منٹ پر بروقت روانہ ہو کر براستہ لاہور-ساہیوال کراچی جائے گی۔

اسی طرح،  کراچی سے آنے والی پاکستان ایکسپریس 45 اَپ براستہ ساہیوال-لاہور لالہ موسی جائے گی اور 17 اَپ ملت ایکسپریس بھی براستہ ساہیوال-لاہور لالہ موسی جائے گی۔

کراچی سے آنے والی 41 اَپ قراقرم ایکسپریس براستہ ساہیوال لاہور آئے گی۔

شاہ حسین ایکسپریس 44 ڈاؤن کے مسافروں کو آج گرین لائن 6 ڈاؤن میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ گرین لائن 6-ڈاؤن کراچی کیلئے اپنے مقررہ وقت رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوگی۔

شاہ حسین ایکسپریس 44-ڈاون کے مسافروں سے درخواست ہے کہ گرین لائن 6-ڈاؤن کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل تشریف لائیں تاکہ انہیں بآسانی ایڈجسٹ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ کراچی اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت کیلئے پسنجر فیسیلی ٹیشن عملہ ہمہ وقت اسٹیشن پر موجود رہے گا۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ مزید رہنمائی اور اپڈیٹ کیلئے ریلوے انکوائری نمبر 117-042 اور 99070011-042 پر رابطہ قائم کریں۔

متعلقہ

Load Next Story