حنیف محمد ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ آج سے شروع ہوگا
(فوٹو: فائل)
پی سی بی کے تحت چار روزہ حنیف محمد ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا دوسرا راؤنڈ آج سے شروع ہوگا۔
نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں فیصل آباد ریجن کا آزاد جموں و کشمیر ریجن سے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور، حیدرآباد کا لاہور بلوز سے ملتان اسٹیڈیم اور کوئٹہ کا کراچی وائٹس سے عباسیہ اسپورٹس کمپلیکس، رحیم یار خان پر مقابلہ ہوگا۔
گروپ بی میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس، کراچی پر کراچی بلوز کا فاٹا،نیشنل بینک اسٹیڈیم پر ڈیرہ مراد جمالی کا ملتان اور اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس پر راولپنڈی کا لاڑکانہ ریجن سے ٹکراؤ طے ہے۔
پہلے راؤنڈ میں لاڑکانہ ریجن نے زاہد محمود کی قیادت میں ڈیرا مراد جمالی کو 274 رنز سے شکست دے کر 25 پوائنٹس حاصل کیے تھے،دیگر پانچ میچز فیصلہ کن ثابت نہیں ہو سکے تھے۔
گروپ اے میں آزاد جموں و کشمیر 14،حیدرآباد اور کراچی وائٹس10، 10،فیصل آباد اور لاہور بلوز 8،8 جبکہ کوئٹہ5 پوائنٹس جوڑنے میں کامیاب ہوا۔
گروپ بی میں راولپنڈی 10، ملتان 9، کراچی بلوز 8، فاٹا 7 اور ڈیرہ مراد جمالی ریجن کی ٹیم 4 پوائنٹس پانے میں کامیاب رہی۔
راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ہونے والے ایونٹ میں ہرپول کی سرفہرست ٹیم پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی۔