کراچی، سندھ پولیس میں گریجویٹ نہ ہونے والے ایس ایچ اوز کو ہٹانے کا حکم نظرانداز
آئی جی سندھ کی جانب سے عدالت کے حکم پر جاری کردہ احکامات کے باوجود کراچی کے بیشتر تھانوں میں تعینات انڈر گریجویٹ ایس ایچ اوز کو تاحال ان کے عہدوں سے نہیں ہٹایا گیا۔
محکمہ پولیس کے اندرونی ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز جاری نوٹیفکیشن پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
محکمہ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق شہر کے کئی تھانوں میں ایسے ایس ایچ اوز تعینات ہیں جو ماضی میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے تھے۔ ان میں سے اکثر کا تعلیمی پس منظر مڈل یا انٹرمیڈیٹ تک محدود ہے۔
سابقہ ادوار میں کانسٹیبل کی بھرتی مڈل پاس اور اے ایس آئی کی انٹرمیڈیٹ پاس بنیاد پر کی جاتی تھی، جس کے بعد یہ اہلکار ترقی پاتے ہوئے انسپکٹر اور ڈی ایس پی کے عہدوں تک پہنچے۔
آئی جی سندھ نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ ایس ایچ او کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن ہونی چاہیے۔
اس کے ساتھ ساتھ کریمنل ریکارڈ رکھنے والے یا خراب شہرت کے حامل اہلکاروں کو بھی ایس ایچ او کے عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔