مشہور اطالوی فیشن ڈیزائنر ’’جورجیو ارمانی‘‘ انتقال کرگئے
دنیا بھر میں فیشن اور لگژری کی پہچان سمجھے جانے والے برانڈ ’ارمانی‘ کے بانی اور معروف اطالوی ڈیزائنر جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ارمانی گروپ نے 4 ستمبر کو اپنے انسٹاگرام پیج پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق ارمانی اپنے آخری ایام تک اپنے کام سے جڑے رہے اور اپنے پیاروں کے درمیان پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ انہیں ان کے ملازمین اور ساتھی ہمیشہ احترام اور محبت کے ساتھ یاد کرتے رہیں گے۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ ارمانی نئے کلیکشنز اور آئندہ منصوبوں کے لیے آخری وقت تک سرگرم رہے۔ انگریزی اور اطالوی زبان میں جاری بیان میں کہا گیا کہ ارمانی گروپ میں کام کرنے والے ملازمین ہمیشہ خود کو ایک خاندان کا حصہ سمجھتے تھے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔