یومِ دفاع پر شان دار تقریب؛ میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے پرچم کشائی کی

ہمیں شہدا کی قربانیوں کو نہ صرف یاد رکھنا ہے بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، ارسلان اسلام شیخ

سکھر:

یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ملٹری روڈ واکنگ ٹریک سکھر پر ایک پُر وقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے پرچم کشائی کی۔

یادگار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں ہدیہ نعت پیش کیا گیا، جس کے بعد دنیا کے 11ویں، ایشیا کے 7ویں، پاکستان کے دوسرے اور سندھ کے بلند ترین 300 فٹ فلیگ پول پر 84 فٹ لمبا اور 56  فٹ چوڑا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا، جو وطنِ عزیز کی عظمت، اتحاد اور استقامت کی علامت ہے۔

میئر سکھر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء تاریخ کا وہ باب ہے جو پاکستانی قوم کبھی نہیں بھولتی۔ اس دن ہمارے بہادر سپوتوں نے جرات، ہمت اور بہادری کی وہ مثال قائم کی جس سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔

رات کی تاریکی میں جب بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لاہور پر حملہ کیا تو پاک فوج کے شیر دل جوانوں نے ایسی بے مثال جرات دکھائی کہ آج 25 کروڑ عوام اور بچہ بچہ میجر شہید عزیز بھٹی بننے اور نشانِ حیدر حاصل کرنے کا عزم رکھتا ہے۔ اسی طرح جرات کی وہ مثال بھی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جب ایم ایم عالم نے دشمن کے 5 طیارے لمحوں میں تباہ کر کے ستارۂ جرات اپنے نام کیا۔

میئر سکھر نے کہا کہ ہمیں شہدا کی قربانیوں کو نہ صرف یاد رکھنا ہے بلکہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہے، ہم پاکستان اور اپنی بہادر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔

تقریب میں کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی، ڈی آئی جی فیصل عبداللہ چاچڑ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان، ڈپٹی میئر ڈاکٹر ارشد مغل، پاک فوج، نیوی، پولیس کے افسران سمیت شہریوں، سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

Load Next Story