پشاور میں متنازع پارٹی کے ممکنہ انعقاد پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
میوزیکل شو، ناچ گانا ، ہلڑ بازی، طوفان بدتمیزی۔ آپ کو پتہ ہے امی اس پارٹی کے نام پر کیا کچھ ہونے والا ہے ؟ ۔ فوٹو فائل
پشاور کے علاقے حیات آباد میں متنازع اورغیراخلاقی پارٹی کی تشہیر کرنے پر پولیس نے نامعلوم منتظمین کیخلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حیات آباد میں منعقد کی جانے والی متنازع اور غیر اخلاقی پارٹی کا مقدمہ ایس ایچ او حیات آباد طارق خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پر ڈی جے میر کی طرف سے کلر فیسٹیول منعقد کرنے کے حوالے سے تشہیر کرکے لوگوں سے مختلف ذرائع اور دھوکا دہی سے ٹکٹوں کے پیسے وصول کیے جارہے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق باغ ناران میں یہ فیسٹیول منایا جائےگا، مذہبی طبقوں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں میں اس متنازع فیسٹیول کے ممکنہ انعقاد پر غم وغصہ پایا گیا اور ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچایا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ایسے پروگراموں کے ذریعے غیراخلاقی اقدار کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو گمراہ کرنا ہے جس کے خلاف تحریک لبیک نے بھی تحریری شکایت درج کی ہے۔
پولیس نے نامعلوم منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ واضح رہے کہ متنازع پارٹی کے خلاف سیشن کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ میں کیسز بھی دائر کیے گئے ہیں۔