ترکیہ: ازمیر میں پولیس اسٹیشن پر حملہ، 2 اہلکار جاں بحق، 16 سالہ لڑکا گرفتار
ازمیر: ترکیہ کے شہر ازمیر کے قریب ایک پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، جب کہ پولیس نے 16 سالہ مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ بالچووا کے علاقے میں پیش آیا، جو ازمیر کے مغرب میں واقع ہے۔ ترک وزیر داخلہ علی یرلکایا نے بتایا کہ حملے میں ایک اہلکار شدید زخمی بھی ہوا ہے۔
وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر کہا کہ واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور نوجوان کو گرفتار کرلیا اور تفتیش شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے مبینہ طور پر شاٹ گن سے فائرنگ کی۔
پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سخت سیکیورٹی اقدامات نافذ کیے۔ ازمیر کے میئر جمیل توگای نے اس واقعے کو "غدارانہ حملہ" قرار دیتے ہوئے جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کی۔