گلستان جوہر میں اپارٹمنٹ کی زمین دھنس گئی، عمارت کے دو بلاکس سیل
شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں رہائشی اپارٹمنٹ کی زمین اچانک دھنس گئی جس کے بعد عمارت کے دو بلاکس کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خالی کرالیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق گلستان جوہر بلاک 10 میں واقع رہائشی عمارت چار بلاکس پر مشتمل ہے جس کے دو بلاکس کی زمین اچانک دھنس گئی ہے۔
مکینوں کے مطابق رات 5 بجے کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے، گھروں سے باہر نکل کر دیکھا تو زمین دھنسی ہوئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر گلشن اقبال ٹیم کے ہمراہ وقوعہ پر پہنچے جبکہ پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں بھی متاثرہ اپارٹمنٹ پہنچیں۔
بعد ازاں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے حکام نے عمارت کا جائزہ لیتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا اور دو بلاکس کے گھروں کو خالی کروا کے انہیں سیل کردیا ہے۔
فلیٹس کے مکین کھلے آسمان تلے بے آسرا بیھٹے ہیں اور اپنے آشیانہ کو دیکھ کر اداس ہیں۔مکینوں کے پاس ضرورت زندگی کا کوئی سامان نہیں ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مکینوں کو سیل فلیٹس سے سامان نکالنے سے روک دیا گیا یے جبکہ کسی قسم کی کوئی امداد بھی نہیں کی گئی۔