گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کی منظوری
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پرعوامی ریلیف کے لیے بڑا اقدام کرتے ہوئے وفاقی کابینہ نے وزارت پیٹرلیم کی سفارش پر گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو آر ایل این جی کنکشنز کی فراہمی کی منظوری دے دی۔
منظوری کے بعد سوئی سدرن اور سوئی نادرن گیس کمپنیاں کنکشنز کی فراہمی کا عمل شروع کریں گی، کابینہ کو بتایا گیا کہ ان کنکشنز کے ذریعے ملنے والی RLNG پر صارفین کی LPG سے 30 فیصد کم لاگت آئے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت ریلوے کی سفارش پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی بعد از وقوع توثیق کی گئی۔
اس معاہدے پر دستخط گزشتہ ماہ ہوئے تھے اور یہ علاقائی تجارت و رابطہ کاری کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ کابینہ کی توثیق اس اسٹریٹیجک منصوبے کی تکمیل کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ ہے۔
وفاقی کابینہ نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)، بین الحکومتی تجارتی لین دین (سی سی او آئی جی سی ٹی) اور قانون سازی کیسز (سی سی ایل سی) سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔