پاکستان نرسنگ کونسل میں اقتدار کی لڑائی، ممبران کی قبضے کی کوشش، رات گئے تمام ممبران گرفتار
پاکستان نرسنگ اینڈ مڈ وائفری کونسل (پی این ایم سی) میں اقتدار کی لڑائی کے دوران ممبران نے قبضہ کرنے کی کوشش کی جب کہ پولیس نے رات گئے تمام ممبران کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اسٹیشن میں گفت وشنید کے بعد ممبران کو جانے کی اجازت دے دی گئی، نرسنگ کونسل کی صدارت کے لیے فرزانہ ذوالفقار اور جواد امین دعویدار ہیں۔
فرزانہ ذوالفقار کوعہدے سے ہٹائے جانے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا، وزارت صحت نے خلاف ضابطہ ڈپٹی سیکریٹری کو نرسنگ کونسل کے سیکریٹری کا چارج دے دیا۔
رات گئے ممبران کونسل جواد امین کو لے کر نرسنگ کونسل پہنچے، ذرائع نے کہا کہ وزارت صحت حکام بھی عدالتی احکامات کے برعکس احکامات دیتے رہے۔
نرسنگ کونسل میں ممبران اور صدر نہ ہونے کی وجہ سے سیکڑوں کالجز کی رجسٹریشن التوا کا شکار ہے، عرصہ دراز سے صدر اور ممبران کونسل نہ ہونے کی وجہ سے کونسل میٹنگ بھی نہ ہو سکی۔