کراچی: پانی کےبہاؤ سے کورنگی کراسنگ ندی اور کازوے تیسرے روزبھی بند، اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام

بروکس چورنگی، جام صادق پُل، قیوم آباد چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے

کراچی کی ملیر ندی میں طُغیانی اور  پانی کے بہاؤ سے کورنگی کراسنگ ندی اور کاز وے تیسرے روز بھی ٹریفک کے لئے بند ہے جب کہ بروکس چورنگی، جام صادق پُل، قیوم آباد چورنگی اور اطراف کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیوم آباد چورنگی، جام صادق پل، ایکپسریس وے، بروکس چورنگی، ڈیفنس سگنل پر بدترین ٹریفک جام ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہوگیا جب کہ ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کا اپنی منزل پرپہنچنا محال ہو گیا۔

ٹریفک پولیس نے کہا کہ کورنگی کراسنگ ندی او ای بی ایم کازوے ندی ٹریفک کے لیے بند ہونے سے ٹریفک کا دباؤ قیوم آباد چورنگی اورجام صادق پل پر پڑنے سے صورتحال خراب ہوئی، ٹریفک پولیس موقع پرموجود ہے اور صورتحال کوکنٹرول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

قیوم آباد کے پی ٹی انٹر چینچ فلائی اوور پر بھی بدترین ٹریفک جام ہے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے قیوم آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ  کو ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی پیر محمد شاہ نے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ برساتی پانی کے تیز بہاؤ کے باعث کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے ٹریفک کے لیے بند ہیں، کورنگی کراسنگ اور ای بی ایم کازوے بند ہونے سے قیوم آباد چورنگی اور جام صادق پل پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ ٹریفک پولیس موقع پر موجود ہے، صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مراد علی نے ہدایت دی کہ شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جائیں، رہنمائی کے لئے اضافی نفری تعینات کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کی۔

Load Next Story