کرنسی نوٹوں سے ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت ہٹادی گئی؟
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر یہ تاثر تیزی سے پھیلایا گیا کہ پاکستانی کرنسی نوٹوں سے ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت ختم کر دی گئی ہے۔
مختلف صارفین نے فیس بک، ایکس (ٹوئٹر)، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر اس دعوے کو دہرایا اور کہا کہ پہلے یہ الفاظ نوٹوں کی پشت پر درج ہوتے تھے لیکن اب انہیں ہٹا دیا گیا ہے۔
پرانے نوٹوں پر عبارت لکھی ہوتی تھی "حصول رزق حلال عین عبادت ہے"۔نئے نوٹوں سے یہ ہٹا دی گئی، حلال حرام کا فرق ہی ختم کر دیا گیا۔
اور ہمیں پتہ ہی نہیں چلا۔ pic.twitter.com/pjPovkgiFp— Bushra Mughal ik (@bushra_ik) August 17, 2025
اس مبینہ اقدام پر ناقدین نے شدید اعتراض بھی کیا اور یہ سوال اٹھایا کہ اگر اس عبارت کو ختم کر دیا گیا ہے تو پھر حلال اور حرام آمدنی کے فرق کو کون نمایاں کرے گا۔
تاہم یہ دعویٰ درست نہیں نکلا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ایک عہدیدار، بینک کی سرکاری ویب سائٹ اور آزادانہ طور پر کی گئی جانچ پڑتال کے بعد واضح ہوا ہے کہ یہ عبارت اب بھی تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں پر موجود ہے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی کہ اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پر درج ہر کرنسی نوٹ کے ڈیزائن اور سیکیورٹی فیچرز کی تفصیل میں یہ جملہ شامل ہے۔ دس روپے سے لے کر پانچ ہزار روپے تک تمام نوٹوں کی پشت پر ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کے الفاظ واضح طور پر درج ہیں۔ عہدیدار نے اس مقصد کے لیے ویب سائٹ کا متعلقہ صفحہ بھی فراہم کیا جس میں نوٹوں کے ڈیزائن کی مکمل وضاحت دی گئی ہے۔
مزید برآں، فیکٹ چیک کی ٹیم نے خود بھی نیا 500 روپے کا نوٹ دیکھ کر اس کی تصدیق کی۔ جائزے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نوٹ کی پشت پر وہی عبارت بدستور موجود ہے جسے سوشل میڈیا پر ہٹائے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا تھا۔
اس تفصیلی جانچ کے بعد نتیجہ واضح ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والا یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ’’حصولِ رزقِ حلال عبادت ہے‘‘ کی عبارت اب بھی تمام پاکستانی کرنسی نوٹوں کا حصہ ہے اور اسے ہٹانے کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔