سیلاب اور بارشوں سے اموات کی تعداد 900 تک پہنچ گئی
فوٹو فائل
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں بارشوں اور سیلاب سے اموات کی تعداد اضافے کے بعد 900 تک پہنچ گئی ہے۔
اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر مصدق ملک نے چیئرمین این ڈی ایم اے کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا بدل رہی ہے، وزیر اعظم نے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے موسمیاتی ایمر جنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید متاثرہ ملکوں میں شامل ہے، ہمیں آئندہ مون سون کی ابھی سے تیاریاں شروع کرنا ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں فلاحی ادارے اور نجی تنظیمیں بڑھ چڑھ کر کام کر رہی ہیں اور اُن کا جذبہ قابل دید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ اور نارووال میں بارش سے شدید تباہی ہوئی۔
مصدق ملک نے بتایا کہ وفاقی حکومت، این ڈی ایم اے نے صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کیے ہیں اور امید ہے کہ زیادہ نقصانات نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ہے جبکہ تمام اداروں کو مل کر بچوں کےبہتر مستقبل کیلئے کام کرنا ہوگا۔